پی ایس ایل 11 کا فائنل آج پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا – Sports



02235652a4ea680 پی ایس ایل 11 کا فائنل آج پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا - Sports

پی ایس ایل الیون کا فائنل اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان کھیلا جائے گا، جب کہ فاتح ٹیم کے لیے انعامی رقم اور کلوزنگ تقریب کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین کی ٹیموں کے درمیان پاکستان سپر لیگ الیون کے ہونے والے فائنل میچ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور شائقین کو شام چھ بجے تک اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

فاتح ٹیم کو پانچ لاکھ ڈالر جب کہ رنرز اپ ٹیم کو تین لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بہترین پلیئر ڈیولپمنٹ پر فرنچائز کو دو لاکھ ڈالر کا خصوصی انعام بھی دیا جائے گا۔ فائنل سے قبل کلوزنگ تقریب شام ساڑھے چھ بجے منعقد ہوگی جس میں مختلف سرگرمیاں اور تقریبات شامل ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی فائنل میچ کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ احسن رضا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جب کہ الیگزینڈر وارف کو تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔ فائنل میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے روشن مہاناما میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ نے پی ایس ایل فائنل میچ کے انعقاد کے موقع پر کیے گئے سیکیورٹی انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فائنل میچ کے دوران شائقین اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے بہترین اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

ٹورنامنٹ میں پشاور زلمی دوسری مرتبہ ٹائٹل کے لیے پرعزم ہے، جب کہ حیدرآباد کنگزمین پہلی مرتبہ فائنل کھیل کر ٹائٹل جیتنے کی امیدوار ہے۔ فائنل میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کے لیے بھی بطور قائد اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے کا اہم موقع ہوگا۔ ان کی قیادت میں پشاور زلمی پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے۔

بابر اعظم 2022 میں کراچی کنگز سے پشاور زلمی میں شامل ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ 2017 سے 2021 تک کراچی کنگز کا حصہ رہے اور 2020 میں ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جب کراچی کنگز نے فائنل میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی۔

حالیہ ایڈیشن میں بابر اعظم شاندار فارم میں نظر آ رہے ہیں اور وہ اب تک 10 میچوں میں 588 رنز بنا چکے ہیں، جب کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 146 سے زائد رہا ہے۔

قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کی کارکردگی اور پی ایس ایل فائنل سے متعلق اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ٹیم منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرے گی اور موجودہ کمبی نیشن اور مومینٹم حوصلہ افزا ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ ہر کھلاڑی اور ہر کپتان کا خواب ٹرافی جیتنا ہوتا ہے اور وہ فائنل میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ ان کے مطابق انھوں نے اپنی کارکردگی پر نظرثانی کی ہے، مائنڈ سیٹ نارمل ہے اور وہ خود کو دوبارہ بہترین فارم میں لے آئے ہیں۔

حیدرآباد کنگزمین کے کھلاڑی مارنس لبوشین نے بھی پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹیم نے اپنے پروسیسز پر فوکس رکھا ہے اور فائنل کا میچ ان کے لیے انتہائی اہم ہے، اپنے پلان پر عمل کریں گے، کامیابی کے لیے کانفیڈینس اور یقین ضروری ہے۔

کپتان مارنس لبوشین کے مطابق اس ٹورنامنٹ میں بہت سی چیزیں سیکھنے کو ملیں، مینجمنٹ نے بھرپور سپورٹ کیا، ہمیں اپنی صلاحیتوں پر یقین تھا، ٹیم کا بہترین کمبی نیشن بنانا ہماری ترجیح رہی اور مشکلات کے باوجود یہاں تک پہنچنا، یہ ایک خاص ٹورنامنٹ رہا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *