’چین ایران کو ہتھیار نہیں دے گا‘، ٹرمپ کا چینی صدر کو خط لکھنے کا انکشاف – World



15172500df5b1d0 ’چین ایران کو ہتھیار نہیں دے گا‘، ٹرمپ کا چینی صدر کو خط لکھنے کا انکشاف - World

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو خط لکھا تھا جس میں ایران کو ہتھیار فراہم نہ کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر چین نے یقین دہائی کرائی کہ وہ ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گا۔ انہوں نے یہ دعویٰ پہلے ایک ٹی وی انٹرویو میں کیا اور بعد میں سوشل میڈیا پر بیان میں بھی دہرایا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ چین ایران کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو امریکا اور چین کے درمیان بہتر تعلقات کی علامت قرار دیا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ چین آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھولنے کے امریکی فیصلے پر بہت خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں کیا جا رہا ہے، کیوں کہ یہ اہم سمندری راستہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ آئندہ دورے کے دوران ان سے ملاقات کے خواہاں ہیں اور توقع ہے کہ چین میں ان کا پُرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی عسکری صلاحیت سب سے اعلیٰ ہے اور ضرورت پڑی تو ہم جنگ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

اس سے قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کو ہتھیار فراہم کرنے کی خبروں پر انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو خط لکھا تھا۔ شی جن پنگ نے ان کے خط کے جواب میں یقین دہائی کرائی کہ چین ایران کو اسلحہ فراہم نہیں کر رہا ہے۔

تاہم امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے یہ خط کب لکھا تھا اور انہیں جواب کب اور کس طرح موصول ہوا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کہ وہ گزشتہ ہفتے پہلے ہی خبردار کرچکے ہیں کہ جو ملک ایران کو ہتھیار فراہم کرے گا ان پر فوری طور پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا جا سکتا ہے۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے چین کو تیل کی ضرورت ہے جب کہ امریکا اس حوالے سے خود کفیل ہے، اس لیے دونوں ممالک کے مفادات مختلف ہیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین کی سوشل ایپ ’ٹک ٹاک‘ کے معاہدے سمیت دیگر اہم معاملات میں کلیدی کردار ادا کیا، یہی وجہ ہے کہ شی جن پنگ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں۔

انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ خاتمے کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو دوبارہ کھڑا ہونے میں 20 سال لگ سکتے ہیں، اسی لیے وہ معاہدے کے لیے بے تاب ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر آج امریکا فوجی کارروائیاں روک دے تو ایران کو دوبارہ کھڑا ہونے میں 20 سال لگ سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت کی شدید خواہش ہے کہ کوئی معاہدہ ہوجائے، آنے والے دنوں میں صورتِ حال واضح ہو جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے جنگ کے باعث عالمی منڈیوں میں پیدا ہونے والی بے چینی سے متعلق سوال پر کہا کہ تیل کی قیمتیں رسد میں رکاوٹ کی وجہ سے بڑھی ہیں۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ جیسے ہی جنگ ختم ہوگی، اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی آئے گی اور اس کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔

ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے کے انعقاد کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس سے قبل اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام نے ایرانی نمائندوں کے ساتھ بیٹھک کی، جو بے نتیجہ ثابت ہوئے تھے۔

صدر ٹرمپ اپنے بیانات میں کہہ چکے ہیں کہ ایک دو روز میں مذاکرات کے دوسرے کے حوالے سے بڑی پیش رفت ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ایران نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی اور اسلام آباد مذاکرات کے بعد بھی پاکستان کی ثالثی میں امریکا کے ساتھ سفارتی رابطے برقرار ہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اسماعیل بقائی نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان کا ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ ہونے والے مذاکرات مکمل جنگ بندی کے حصول کے لیے ہوں گے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *