پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی سپر اسٹار مہوش حیات نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز سے متعلق ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ فلمی دنیا میں آئٹم سانگ ’بلی‘ کے ذریعے انٹری دینا ان کی زندگی کے بہترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔
مہوش حیات اپنے ڈرامہ سیریل ’دایان‘ کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر اور فلمی سفر سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ڈراموں سے فلموں کی طرف یہ ایک بڑا اور بولڈ قدم تھا جو کسی بھی سمت جا سکتا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’بلی‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ نہ صرف تھکی ہوئی تھیں بلکہ ان کے جسم پر چوٹیں بھی تھیں اور وہ کافی نروس بھی تھیں۔ تاہم، انہیں اپنے ’فلمی چہرے‘ پر پورا یقین تھا، جس کا تذکرہ سینئر اداکار جاوید شیخ نے بھی ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان سے کیا تھا۔
انہوں نے کہا، ’ہدایت کار فضا اور نبیل نے فضا اور نبیل نے میرے پرفارمنس دیکھنے کے بعد مجھ سے رابطہ کیا۔ میں نے یہ کام کیا اور یہ ثابت ہوا کہ یہ میرے کیے گئے بہترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔ فضا اور نبیل نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اسے اس انداز میں فلمایا جائے کہ یہ فلم کا ایک حقیقی حصہ لگے اور واقعی یہ کامیابی کے بعد گینگسٹر پارٹی کے سین جیسا محسوس ہوا‘۔
اسی پروگرام میں موجود اداکار فہد مصطفیٰ نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک دلچسپ اور مضحکہ خیز واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ مہوش حیات کی پرفارمنس میں ایسی چمک اور کشش تھی کہ شوٹنگ کی لوکیشن کا مالک انہیں رقص کرتے ہوئے دیکھنے میں اتنا محو ہوا کہ بلندی سے نیچے گر پڑا۔ فہد کے مطابق، مہوش ایک بہترین پرفارمر ہیں اور وہ لوگ تو صرف ان کے رقص پر ری ایکٹ کررہے تھے۔
واضح رہے کہ مہوش حیات کے مداح جلد ہی انہیں فہد مصطفیٰ کے ساتھ نئی ہارر کامیڈی فلم ’زومبیڈ‘ میں دیکھ سکیں گے، جو اس سال عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
اس سے قبل مہوش حیات ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘، ’ایکٹر ان لاء‘ اور ’لندن نہیں جاؤں گا‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔