ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عرب میڈیا کے مطابق دونوں ممالک ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، جب کہ معاہدے کے آخری نکات کا اعلان جلد متوقع ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سے اہم شخصیات کی جمعرات کو ایران روانگی کا امکان ہے، جہاں جاری سفارتی مشاورت کے دوران معاہدے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور حج سیزن کے بعد اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، جہاں معاہدے کے حتمی نکات پر مزید بات چیت کی جائے گی۔
حالیہ دنوں میں پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان پسِ پردہ سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کیا ہے، جسے مختلف علاقائی ممالک کی جانب سے بھی سراہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی اور سفارتی پیش رفت سے متعلق اہم نکات شامل ہو سکتے ہیں۔