ایران نے ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کو شرائط سے مشروط کردیا – Sports



09165703b845167 ایران نے ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کو شرائط سے مشروط کردیا - Sports

ایران کی فٹ بال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم 2026 فٹ بال ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی، تاہم امریکا، کینیڈا اور میکسیکو پر مشتمل میزبان ممالک سے ایرانی شرائط تسلیم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق ایرانی فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ موجودہ امریکا۔اسرائیل کشیدگی اور ایران کے خلاف جاری جنگی صورتِ حال کے باعث تہران نے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے سیکیورٹی اور سفارتی ضمانتیں طلب کی ہیں۔

ایران کی فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف آئی آر آئی) نے اپنے سرکاری بیان میں کہا ہے کہ ایرانی مردوں کی قومی ٹیم 2026 ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کرے گی، لیکن میزبان ممالک کو ایران کے تحفظات کا احترام کرنا ہوگا۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ کینیڈا نے فیفا کانگریس میں شرکت کے لیے ایرانی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

کینیڈا نے ان کے ایرانی پاسدارانِ انقلاب یعنی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) سے مبینہ تعلقات کو بنیاد بنایا، جسے کینیڈا نے 2024 میں دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

فروری میں ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی صورتِ حال کا شکار رہی ہے۔ 2026 فٹ بال ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔

ایف ایف آئی آر آئی نے اپنے بیان میں کہا، ہم یقیناً 2026 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے، لیکن میزبان ممالک کو ہمارے تحفظات مدِنظر رکھنا ہوں گے۔ ہم اپنے عقائد، ثقافت اور نظریات سے پیچھے ہٹے بغیر ورلڈ کپ میں حصہ لیں گے۔

ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 10 شرائط پیش کی ہیں۔ ان شرائط میں ایرانی وفد کو ویزوں کا اجرا، قومی ٹیم کے عملے کے احترام، ایرانی پرچم اور قومی ترانے کے تقدس کو یقینی بنانا شامل ہے۔

ایران نے اس کے علاوہ ہوائی اڈوں، ہوٹلوں اور اسٹیڈیم تک جانے والے راستوں پر سخت سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ قومی ٹیم اور وفد کو کسی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جاسکے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *