دنیا کی معروف چپ ساز کمپنی اینویڈیا نے مصنوعی ذہانت کو براہِ راست لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز تک پہنچانے کیلئے نئی ’’RTX Spark‘‘ پی سی چپ متعارف کرا دی، جسے ماہرین کمپیوٹنگ کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ نے تائیوان میں جاری کمپیوٹیکس کانفرنس کے دوران نئی چپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ مائیکروسافٹ کے ساتھ تین سالہ اشتراک کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد ’’اے آئی دور کیلئے پی سی کو دوبارہ ایجاد کرنا‘‘ ہے۔
جینسن ہوانگ کے مطابق نئی آر ٹی ایکس اسپارک چپ اس انداز میں تیار کی گئی ہے کہ اے آئی ایجنٹس کو براہِ راست کمپیوٹر پر چلایا جا سکے، تاکہ صارفین کو ہر وقت کلاؤڈ کمپیوٹنگ پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ اس چپ کی تیاری میں تائیوان کی معروف کمپنی میڈیا ٹیک نے بھی اینویڈیا کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
ٹیکنالوجی تجزیہ کار اور کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کے شریک بانی نیل شاہ نے کہا کہ آر ٹی ایکس اسپارک روایتی ایپ بیسڈ کمپیوٹرز کو ’’ایجنٹک اے آئی‘‘ پر مبنی ذاتی کمپیوٹرز میں تبدیل کر دے گی، جو آنے والے برسوں میں ہر گھر کا حصہ بن سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح آئی فون، چیٹ جی پی ٹی اور ڈیپ سیک نے اپنی اپنی صنعتوں میں انقلاب برپا کیا، ویسے ہی آر ٹی ایکس اسپارک کمپیوٹنگ کے شعبے میں نئی تبدیلی کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔
اینویڈیا نے اس موقع پر اپنی نئی ’’ویرا سی پی یو‘‘ بھی متعارف کرائی، جو خاص طور پر اے آئی ایجنٹس کیلئے تیار کی گئی ہے۔ جینسن ہوانگ کے مطابق اوپن اے آئی، اینتھروپک اور اسپیس ایکس سمیت کئی بڑی کمپنیاں اس ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی ویرا سی پی یو اینویڈیا کو 200 ارب ڈالر کی نئی مارکیٹ تک رسائی دے سکتی ہے اور یہ کمپنی کی آئندہ ترقی کا بڑا ذریعہ بنے گی۔
تقریب کے دوران جینسن ہوانگ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ مصنوعی ذہانت سافٹ ویئر انجینئرز کی نوکریاں ختم کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اے آئی درحقیقت ملازمین کی صلاحیت میں اضافہ کرے گی اور مزید سافٹ ویئر انجینئرز کی بھرتیوں کا سبب بنے گی۔
انہوں نے کہا، ’’یہ کہنا کہ اے آئی نوکریاں ختم کر دے گی، مکمل فضول بات ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ اس سے سافٹ ویئر انجینئرز کی مانگ بڑھ رہی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ کمپیوٹیکس ٹیکنالوجی نمائش 2 جون سے 5 جون تک جاری رہے گی، جہاں دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان شریک ہیں۔