جمائما گولڈ اسمتھ کی ارب پتی فنانسر سے منگنی، جلد شادی کا امکان – Life & Style



031348551c5ec1f جمائما گولڈ اسمتھ کی ارب پتی فنانسر سے منگنی، جلد شادی کا امکان - Life & Style

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ   جمائما گولڈ سمتھ نے معروف ارب پتی فنانسر سے منگنی کر لی ۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ  جمائما گولڈ سمتھ ایک بار پھر خبروں میں آ گئی ہیں، برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے ملٹی ملینیئر فنانسر کیمرون او’ریلی سے منگنی کر لی ہے اور دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ سکتے ہیں۔

برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ سمیت دیگر غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ اور کیمرون او’ریلی گزشتہ تقریباً 12 ماہ سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں ہیں، جو اب سنجیدہ مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کی پہلی ملاقات پیشہ ورانہ مصروفیات کے دوران ہوئی، جو بعد ازاں دوستی اور پھر قریبی تعلق میں تبدیل ہو گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا زیادہ تر وقت سوئٹزرلینڈ اور لندن میں گزارتا ہے اور قریبی حلقوں کے مطابق دونوں ایک ساتھ خوش ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمائما کے اہل خانہ بھی کیمرون او’ریلی سے ملاقات کر چکے ہیں اور اس تعلق کو مثبت انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منگنی کے بعد دونوں آئندہ چند ماہ میں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شادی 2026 کے وسط یا آخر تک ہو سکتی ہے، تاہم باضابطہ تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

کیمرون او’ریلی ایک معروف سرمایہ کار ہیں اور متعدد بین الاقوامی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ وہ سابق میڈیا ٹائیکون سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں اور عالمی مالیاتی حلقوں میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب جمائما گولڈ اسمتھ ایک معروف اسکرین رائٹر اور ڈاکیومنٹری پروڈیوسر ہیں، جو سماجی اور انسانی حقوق کے مختلف امور پر بھی سرگرم رہی ہیں۔ وہ ماضی میں بھی اپنی نجی زندگی کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہیں۔

واضح رہے کہ جمائما گولڈ اسمتھ کی شادی عمران خان سے 1995 میں ہوئی تھی، تاہم دونوں نے 2004 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے باوجود جمائما نے پاکستان اور عمران خان سے متعلق مثبت تعلقات برقرار رکھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق اس نئے تعلق نے جمائما گولڈ اسمتھ کو ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، تاہم تاحال ان کی جانب سے ان رپورٹس کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *