پاکستان ٹیلی ویژن کی سابقہ اداکارہ سارہ چوہدری نے ایک طویل عرصے بعد اپنی طلاق کی وجوہات کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
سارہ چوہدری نے اپنی بہترین اداکاری کی بدولت ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں سارہ چوہدری نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی بار اپنی نجی زندگی اور طلاق کے موضوع پر بات کی۔
جب ان سے سوال کیا گیاکہ اتنی قربانیاں دینے، مذہب پر عمل کرنے اور اپنے شوہر کی خاطر خود کو مکمل طور پر بدلنے کے باوجود ان کی علیحدگی کیوں ہوئی؟
اس سوال کے جواب میں سارہ چوہدری کا کہنا تھا کہ ہاں، لوگ یہ ضرور کہتے ہیں کہ سب کچھ بدلنے اور شوبز چھوڑنے کے باوجود اسے طلاق ہو گئی۔ یہ اللہ کے بنائے ہوئے اصول اور راستے ہیں۔ بے شک مذہب میں اسے ایک ناپسندیدہ عمل سمجھا جاتا ہے۔ ہمیں طلاق کی حوصلہ افزائی یا تشہیر نہیں کرنی چاہیے بلکہ اس کی مذمت کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دین اسلام میں اگر کسی کی صلاح کرادی جائے تو اس کا زیادہ ثواب ہے، لیکن یہ کوئی دلیل نہیں ہے کہ اگر کوئی دیندار ہے تو اس کی زندگی میں ایسا کچھ ہو نہیں سکتا۔ یہ تو تقدیرکی جانب سے کیے گئے فیصلے ہیں اوریہ سوچنا بھی درست نہیں ہے کہ کوئی مذہبی انسان طلاق کا راستہ اختیار نہیں کر سکتا۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ کچھ چیزیں قسمت میں لکھی ہوتی ہیں اور میاں بیوی دونوں میں کچھ خوبیاں اور کچھ خامیاں ہوتی ہیں۔
سارہ نے واضح کیا کہ ہم نے اس رشتے کو چلانے کی پوری کوشش کی اور اسے بچانے کے لیے سخت محنت کی، لیکن جب ہمیں احساس ہوا کہ اب ہم مزید ساتھ نہیں چل سکتے، تو ہم نے باہمی رضامندی سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔
کیا انہیں زندگی میں اپنے اس فیصلے پر کبھی پچھتاوا ہوا اس کا جواب دیتے ہوئے سارہ چوہدری کا کہنا تھا کہ دین کی راہ اختیار کرنے سے مجھے ایک بہت بڑا فائدہ یہ ہوا ہے کہ میرے اندر سے پچھتاوے کا عنصر نکل گیا۔ کیونکہ میرا یہ ایمان ہے کہ اللہ کی طرف سے کو کچھ ہوتا ہے وہ ہماری بہتری کے لیے ہی ہوتا ہے اس لیے یہ سوچنا فضول ہے کہ میں نے ایسا کیا ہوتا تو یہ ہوتا یا وہ ہوتا۔
واضح رہے کہ سارہ چوہدری نے 2002 میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔انہوں نے پی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ”چوکھٹ“ سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ ان کے دیگر مقبول ڈراموں میں ”بہلاوہ“، ”تیرے پہلو میں“، ”تیری اک نظر“، ”دن ڈھلے“، ”چاہت“، ”ملنگی“ اور“ تم کہاں ہم کہاں“ شامل ہیں۔
تاہم 2010 میں انہوں نے اداکاری کی دنیا کو ہمیشہ کے لیے چھوڑ دیا۔ انہوں نے یہ فیصلہ مذہب کی طرف اپنے گہرے رجحان کی وجہ سے کیا تھااور اپنی زندگی دین کی تبلیغ کے لیے وقف کر دی۔
سارہ چوہدری کی شادی پندرہ سال قبل پختون فیملی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص سے ہوئی تھی اور وہ پانچ بچوں کی والدہ ہیں۔