صدر ٹرمپ کی عمان کو دھمکی پر ایران بھڑک اٹھا، بڑا بیان سامنے آگیا – World



2817054235161f6 صدر ٹرمپ کی عمان کو دھمکی پر ایران بھڑک اٹھا، بڑا بیان سامنے آگیا - World

ایران نے آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عمان کو دی گئی مبینہ دھمکی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے عمان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عمان خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور اسے دھمکیاں دینا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان کے بعد عمان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امریکی دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا کہ تہران، عمان کے ساتھ کھڑا ہے اور امریکی حکام کی جانب سے ایران اور دیگر علاقائی ممالک کے خلاف دھمکی آمیز بیانات ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی اقوام متحدہ کے رکن ملک کو ’تباہ کرنے‘ کی دھمکی دینا، جو ہمیشہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہو، نہ صرف طاقت کے استعمال یا دھمکی کی ممانعت کے اصول کی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی تعلقات میں بدمعاشی اور قانون شکنی کو معمول بنانے کی خطرناک علامت بھی ہے۔

یہ ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ آبنائے ہرمز ’سب کے لیے کھلی رہے گی‘ اور امریکا اس پر نظر رکھے گا۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ اگر عمان نے ایران کے ساتھ مل کر اس اہم آبی گزرگاہ پر کنٹرول کے معاملے میں تعاون کیا تو امریکا عمان کو ’تباہ‘ کر دے گا۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے فروری کے آخر میں شروع ہونے والی امریکا-اسرائیل جنگ کے بعد آبنائے ہرمز میں آمدورفت محدود کردی تھی۔ بعد ازاں اپریل کے اوائل میں پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی کے بعد صورتحال میں کچھ نرمی آئی۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسٹریٹجک آبی گزرگاہ سے تمام جہازوں کو گزرنے کی اجازت ہے تاہم واشنگٹن، تل ابیب حکومت اور ان سے منسلک اداروں کے جہازوں پر پابندیاں برقرار ہیں۔

اسماعیل بقائی نے جنوبی ایرانی بندرگاہی شہر بندر عباس پر امریکی فوجی حملوں کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائیاں ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی حملہ آوروں کا احتساب یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے، جن میں خلیج فارس اور بین الاقوامی سمندری حدود میں تجارتی جہازوں پر حملے اور ایران کے جنوبی علاقوں پر فضائی کارروائیاں شامل ہیں۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *