دنیا بھر میں فٹبال اور کرکٹ دونوں بے حد مقبول کھیل ہیں اور ان کے عالمی مقابلے کروڑوں شائقین کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں۔ تاہم جب ان دونوں کھیلوں کے سب سے بڑے عالمی ایونٹس، فیفا ورلڈ کپ اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ، کی انعامی رقم کا موازنہ کیا جائے تو ایک حیران کن فرق سامنے آتا ہے۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ فٹبال کے عالمی ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی رقم کرکٹ کے عالمی ایونٹ کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے، جو دونوں کھیلوں کی عالمی معاشی حیثیت اور تجارتی وسعت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کو تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس بار ٹورنامنٹ میں 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ تین ممالک مشترکہ طور پر اس کی میزبانی کر رہے ہیں۔
اس ورلڈ کپ میں 16 مختلف اسٹیڈیمز میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے اور یہ مقابلے 39 دن تک جاری رہیں گے۔ 1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس ایونٹ کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے۔
صرف ٹورنامنٹ کا حجم ہی نہیں بلکہ اس کی انعامی رقم بھی ایک نیا ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ فیفا کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے نتیجے میں مجموعی طور پر 727 ملین امریکی ڈالر کی مالی رقم تقسیم کی جائے گی۔ اس میں سب سے بڑا حصہ، یعنی 655 ملین امریکی ڈالر، 48 شریک ٹیموں کے درمیان بطور انعام تقسیم ہوگا، جو گزشتہ ورلڈ کپ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد زیادہ ہے۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو 50 ملین امریکی ڈالر ملیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم کے حصے میں 33 ملین امریکی ڈالر آئیں گے۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 29 ملین اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 27 ملین امریکی ڈالر دیے جائیں گے۔
اسی طرح پانچویں سے آٹھویں نمبر تک رہنے والی ہر ٹیم کو 19 ملین امریکی ڈالر ملیں گے، جبکہ 9 سے 16 ویں نمبر تک پہنچنے والی ٹیموں کے لیے 15 ملین امریکی ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ 17 ویں سے 32 ویں نمبر تک آنے والی ٹیموں کو 11 ملین امریکی ڈالر فی ٹیم دیے جائیں گے، جبکہ 33 ویں سے 48 ویں نمبر تک رہنے والی ہر ٹیم کو 9 ملین امریکی ڈالر ملیں گے۔
فیفا نے شریک ٹیموں کی تیاری کے اخراجات کے لیے بھی الگ رقم مختص کی ہے۔ ہر کوالیفائی کرنے والی ٹیم کو 1.5 ملین امریکی ڈالر تیاری کے اخراجات کی مد میں دیے جائیں گے۔ اس طرح ہر شریک رکن ایسوسی ایشن کو صرف ایونٹ میں شرکت کی بنیاد پر کم از کم 10.5 ملین امریکی ڈالر کی ضمانت حاصل ہوگی، چاہے وہ ٹورنامنٹ میں آگے نہ بڑھ سکے۔
دوسری جانب اگر کرکٹ کے حالیہ عالمی ایونٹ، آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026، پر نظر ڈالی جائے تو اس کی مجموعی انعامی رقم 11.25 ملین امریکی ڈالر رہی، جو فیفا ورلڈ کپ کے انعامی فنڈ کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں چیمپئن بننے والی بھارتی ٹیم کو 26 لاکھ 39 ہزار 423 امریکی ڈالر انعام کے طور پر ملے۔ رنر اپ نیوزی لینڈ کو 14 لاکھ 22 ہزار 692 امریکی ڈالر دیے گئے، جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے جنوبی افریقہ کو 10 لاکھ 5 ہزار 577 امریکی ڈالر ملے۔ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کے حصے میں 9 لاکھ 74 ہزار 423 امریکی ڈالر آئے۔
پانچویں سے آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں ویسٹ انڈیز کو 5 لاکھ 38 ہزار 269 امریکی ڈالر، پاکستان کو 5 لاکھ 22 ہزار 692 امریکی ڈالر، زمبابوے کو 4 لاکھ 91 ہزار 538 امریکی ڈالر اور سری لنکا کو 4 لاکھ 75 ہزار 962 امریکی ڈالر دیے گئے۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگرچہ کرکٹ اور فٹبال دونوں عالمی سطح پر مقبول کھیل ہیں، لیکن مالی اعتبار سے فیفا ورلڈ کپ کا حجم کہیں زیادہ بڑا ہے۔ مجموعی انعامی فنڈ، فاتح ٹیم کو ملنے والی رقم اور شریک ٹیموں کے لیے مختص مالی معاونت اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ فٹبال کا عالمی تجارتی اور معاشی دائرہ کرکٹ کے مقابلے میں کہیں وسیع ہے، جبکہ کرکٹ کے عالمی ایونٹس بھی بتدریج اپنی مالی اہمیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔