فیفا ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ فٹبال ٹیم کا سامان چوری کرنے کے الزام میں 2 افراد گرفتار – Sports



14122004cecec28 فیفا ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ فٹبال ٹیم کا سامان چوری کرنے کے الزام میں 2 افراد گرفتار - Sports

امریکا میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے دوران انگلش ٹیم کے سامان چوری کے واقعے نے نیا موڑ اختیار کر لیا ہے، جہاں امریکی حکام نے دو افراد کو گرفتار کر کے ان پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً 18 ہزار ڈالر مالیت کا سامان ٹیم کے ٹرانزٹ کے دوران چوری کیا گیا تھا۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست میسوری کے جیکسن کاؤنٹی کی پراسیکیوٹر میلیسا جانسن کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مصطفیٰ سالک اور عرفان کمال پر چوری شدہ مال وصول کرنے کے ایک ایک الزام کے تحت فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔

بیان کے مطابق یہ سامان انگلینڈ فٹبال ٹیم کے فلوریڈا میں موجود ٹریننگ کیمپ سے کانساس سٹی میں ان کے ورلڈ کپ بیس کیمپ منتقل کیے جانے کے دوران گاڑیوں سے چوری کیا گیا۔ چوری شدہ سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ہزار ڈالر بتائی گئی ہے۔

میسوری قانون کے تحت اس جرم پر زیادہ سے زیادہ سات سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

پراسیکیوٹر میلیسا جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ جیکسن کاؤنٹی ورلڈ کپ کے مہمانوں، خصوصاً بین الاقوامی ٹیموں کے خلاف کسی بھی مجرمانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گا۔ انہوں نے کینساس سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ اور آن کال وکلا کی فوری کارروائی کو بھی سراہا۔

کینساس سٹی کے میئر کوئنٹن لوکاس نے بھی پولیس اور پراسیکیوٹر آفس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مختلف ریاستوں میں پھیلی ہوئی تحقیقات کو حل کیا اور ٹرانزٹ کے دوران چوری ہونے والا سامان بازیاب کرانے میں مدد دی۔

اس سے قبل انگلینڈ کے متبادل گول کیپر ڈین ہینڈرسن نے بتایا تھا کہ ان کے جوتے واپس مل گئے ہیں، جبکہ رپورٹس کے مطابق زیادہ تر چوری شدہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ سب کچھ واپس مل گیا ہے اور معاملہ حل ہو چکا ہے۔

انگلش ڈیفنڈر ڈین برن نے بھی واقعے کو زیادہ سنجیدہ نہ لیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ان کا مکمل کِٹ اور جوتے موجود ہیں اور انہیں اس معاملے کی زیادہ تفصیلات نہیں معلوم۔

دوسری جانب انگلش فٹبال ٹیم، جو تھامس ٹوخل کی زیرِ قیادت ورلڈ کپ میں مضبوط امیدواروں میں شمار کی جا رہی ہے، نے ہفتے کے روز شائقین کی موجودگی میں ہلکی پھلکی ٹریننگ کی۔ ٹیم بدھ کے روز اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز کروشیا کے خلاف کرے گی، جبکہ گروپ ایل میں اس کے مزید میچ گھانا اور پاناما کے خلاف شیڈول ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *