ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی



26215426c9302bb ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی

ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، وفاقی دارالحکومت کی سب سے بڑی عبادت گاہ فیصل مسجد میں نمازِ عید صبح ساڑھے چھ بجے ادا کی جائے گی جب کہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کی سب سے بڑی عبادت گاہ فیصل مسجد میں نمازِ عید صبح ساڑھے چھ بجے ڈاکٹر محمد الیاس پڑھائیں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد میں چھوٹے بڑے سینکڑوں اجماعات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

علمائے کرام نے نمازِ عید کے بعد ملکی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے جب کہ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ نمازِ عید کے اجتماعات میں بروقت شرکت کریں اور ٹریفک ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

اسلام آباد پولیس نے عیدالاضحیٰ کے لیے سخت سیکیورٹی پلان جاری کردیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام زونل افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہنے کی ہدایت دی۔ عیدالاضحیٰ کے دوران 7 ہزار سے زیادہ پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دیں گے جب کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 450 سے زیادہ ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور عیدگاہوں کی سیکیورٹی کو مؤثر بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ تفریحی مقامات پر بھی پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے۔

ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک دستے تعینات ہوں گے جب کہ کیپیٹل پولیس کے مستعد اہلکار مختلف علاقوں میں گشت کریں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کی کوئیک ریسپانس ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔ شہر کی نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی کی جائے گی۔

عیدالاضحیٰ پر پنجاب بھر کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری

دوسری جانب عیدالاضحیٰ کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے جب کہ سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور عید اجتماعات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 30 ہزار 630 مساجد اور 907 کھلے مقامات پر ہونے والے عید اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے 45 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہوں گے۔

سیکیورٹی پلان کے تحت کوئیک رسپانس فورس کی 316 خصوصی ٹیمیں بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گی جب کہ 11 ہزار سے زائد میٹل ڈٹیکٹرز، واک تھرو گیٹس اور 15 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے فتنہ الخوارج اور دیگر ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے، حساس مقامات پر سادہ لباس کمانڈوز تعینات کرنے اور کومبنگ آپریشنز مزید مؤثر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔





Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *