الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ٹیسلا نے بھارت میں اپنی مقبول ترین گاڑی ماڈل Y کا نیا چھ نشستوں والا ورژن متعارف کرا دیا ہے.
بدھ کے روز ہونے والی اس لانچنگ کے ساتھ ہی کمپنی نے بھارت میں اپنی محدود پروڈکٹ کی فہرست کو وسعت دے دی ہے۔
غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس نئے ماڈل کا نام ’ماڈل Y L‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں گاڑی کے پہیوں کے درمیانی فاصلے کو بڑھایا گیا ہے تاکہ اندر زیادہ جگہ بن سکے اور 6 لوگ آرام سے بیٹھ سکیں۔
کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق اس لگژری الیکٹرک کار کی قیمت 62 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 66,324 ڈالر) مقرر کی گئی ہے۔ یہ ماڈل قیمت کے لحاظ سے ٹیسلا کے مہنگے ترین اور سستے ترین ورژنز کے درمیان میں رکھا گیا ہے۔
بھارت میں ان دنوں بڑی اور پریمیم گاڑیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ صارفین اب ایسی ایس یو وی (SUV) گاڑیوں کو ترجیح دے رہے ہیں جو نہ صرف کشادہ ہوں بلکہ جدید ٹچ اسکرین ڈسپلے اور سن روف جیسی سہولیات سے بھی لیس ہوں۔ ٹیسلا کی یہ نئی لانچنگ اسی بدلتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔
ٹیسلا نے ایک سال سے بھی کم عرصہ پہلے اپنی درآمد شدہ ماڈل Y کے ساتھ بھارتی مارکیٹ میں قدم رکھا تھا، جو اس وقت دنیا کی تیسری بڑی آٹو مارکیٹ ہے۔ تاہم، 100 فیصد درآمدی ٹیکس کی وجہ سے اس گاڑی کی قیمت عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ٹیسلا انڈیا کے سربراہ شرد اگروال کا کہنا ہے کہ اگرچہ گاڑی مہنگی ہے، لیکن اسے چلانے اور دیکھ بھال کا خرچہ پٹرول گاڑیوں کے مقابلے میں اتنا کم ہے کہ 4 سے 5 سال میں گاڑی کی قیمت کا ایک تہائی حصہ بچت کی صورت میں واپس مل جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ’ماڈل Y L‘ ابھی تک امریکہ میں لانچ نہیں کی گئی، تاہم اسے گزشتہ سال چین میں متعارف کروایا گیا تھا جہاں اس کی مقبولیت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا ہے