سربیا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی وجہ سے کرکٹ دیکھنا شروع کی، جنہیں وہ اپنا دوست بھی مانتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو لاوریئس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے بتایا کہ وہ پہلے کرکٹ کو فالو نہیں کرتے تھے تاہم ویرات کوہلی کی وجہ سے اس کھیل میں ان کی دلچسپی پیدا ہوئی۔
جوکووچ نے کہا کہ ویرات کوہلی نہ صرف ان کے دوست ہیں بلکہ وہ ان کی بے حد عزت اور تعریف بھی کرتے ہیں۔ جوکووچ کے مطابق، ”سچ کہوں تو میں نے کرکٹ کو انہی کی وجہ سے فالو کرنا شروع کیا، اس سے پہلے میں اس کھیل میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا۔“
ٹینس اسٹار نے مستقبل میں بھارت آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ اس موقع پر ویرات کوہلی بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب وہ بھارت آئیں گے تو وہ چاہتے ہیں کہ دونوں مل کر ٹینس اور کرکٹ کھیلیں اور کھیل کے ذریعے مثبت پیغام دیں۔
انہوں نے بھارت اور وہاں کے عوام کے ساتھ اپنی جذباتی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ گزشتہ چند برسوں سے بھارت آنے کے خواہشمند ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ جلد اس خواہش کو عملی جامہ پہنا سکیں گے۔