ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس (آئی آر جی سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی یونٹس نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی فوج کے ایک ایم کیو ون پریڈیٹر ڈرون کو مار گرایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ڈرون نے اتوار کی علی الصبح ایران کی علاقائی فضائی حدود میں داخل ہو کر مبینہ طور پر دشمنانہ کارروائی کی کوشش کی تھی۔
ایرانی خبر رساں ادارے تنسیم کے مطابق آئی آر جی سی کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج سے تعلق رکھنے والے بغیر پائلٹ طیارے کو ایرانی دفاعی نظام نے فوری طور پر شناخت کرلیا تھا۔
بیان کے مطابق ڈرون کو خلیج فارس کے اوپر ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد جدید زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ تباہ ہوگیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایم کیو ون پریڈیٹر ڈرون ایک طویل فاصلے تک پرواز کرنے والا اور متعدد مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا ریموٹ کنٹرول طیارہ تھا، تاہم ایرانی دفاعی نظام نے اسے کسی بھی ممکنہ کارروائی سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
آئی آر جی سی ایئر ڈیفنس کمانڈ نے خبردار کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی حدود اور علاقائی پانی مکمل نگرانی اور کنٹرول میں ہیں، اور ملکی خودمختاری کی کسی بھی خلاف ورزی کا “فیصلہ کن جواب” دیا جائے گا۔
ایرانی فوجی حکام کے مطابق حالیہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران ایران اب تک دشمن کے 210 سے زائد طیارے تباہ کرچکا ہے۔
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی فضائی حدود میں کسی بھی قسم کی دراندازی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر خلاف ورزی کا سخت جواب دیا جائے گا۔