پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے فائنل کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کل سے شروع ہوگی، شائقین 3 مئی کو ہونے والے حتمی ٹاکرے کے لیے آن لائن ٹکٹ بک کروا سکیں گے۔ ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 1500 روپے رکھی گئی ہے جب کہ گیلری کی ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے ہوگی۔
پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل کے فائنل میں تماشائیوں کو جانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد فائنل میچ کے لیے ٹکٹس کی قیمتوں اور فروخت کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق فائنل میچ کے ٹکٹ پیر 27 اپریل کو شام 4 بجے سے pcb.tcs.com.pk پر فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے جب کہ فزیکل ٹکٹ منگل کی صبح 10 بجے سے لاہور کے 18 مقررہ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر حاصل کیے جا سکیں گے۔
اعلامیے کے مطابق جنرل انکلوژرز (حنیف محمد، امتیاز احمد، سعید احمد اور انضمام الحق) کے ٹکٹ 1500 روپے میں دستیاب ہوں گے جب کہ فرسٹ کلاس انکلوژرز (عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز) کے ٹکٹ 2000 روپے میں فروخت ہوں گے۔
شائقین وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود اور عمران خان) کے ٹکٹ 6000 روپے میں خرید سکتے ہیں جب کہ پریمیئم انکلوژرز (راجہ اور سعید انور) کے ٹکٹ 4000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وی سی آئی پی انکلوژر (وقار یونس) سے فائنل میچ کا لطف اٹھانے کے لیے ٹکٹ 8000 روپے میں دستیاب ہوں گے جب کہ جناح اینڈ میں ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ 10 ہزار روپے میں فروخت ہوں گے۔ اسی طرح پی سی بی گیلری کے ٹکٹ کی قیمت 12 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔