پشاور کی سیشن کورٹ نے 10 مئی 2023 احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما عرفان سلیم سمیت 74 ملزمان کو بری کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج فراز احمد نے کیس کی سماعت کی، عدالت کے تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمے میں ملزمان براہ راست نامزد نہیں، تفتیش کے دوران ان کو مقدمے میں نامزد کیا گیا، ملزمان کی کوئی شناختی پریڈ نہیں ہوئی۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے میں ملزمان کو براہ راست نامزد نہیں کیا گیا تھا، بلکہ دوران تفتیش ان کے نام شامل کیے گئے۔
فیصلے کے مطابق کسی بھی ملزم کی شناختی پریڈ نہیں کرائی گئی، جبکہ استغاثہ کا کیس محض زبانی اور غیر ثابت شدہ الزامات پر مبنی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ مقدمے میں کوئی چشم دید گواہ موجود نہیں، جبکہ مقتولین کے ورثا بھی ملزمان کے خلاف ٹرائل جاری رکھنے کے خواہشمند نہیں ہیں۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایسے حالات میں ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہوگا، لہٰذا تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو پشاور کے علاقے فقیر آباد کی حدود میں پرتشدد واقعات اور فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کا مقدمہ تھانہ فقیر آباد میں درج کیا گیا تھا۔